حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علما کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے علامہ پیر اظہار حسین بخاری مرحوم کے رسم چہلم کی مناسبت سے محمدی مسجد لالکڑتی میں منعقدہ تعزیتی پروگرام میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
رپورٹ کے مطابق اتحاد امت کے اس عظیم اجتماع میں تمام مسالک اور مذاہب کے علماء، مشائخ، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ راولپنڈی سے انتظامیہ کے اعلی افسران نے شرکت کی،پیر اظہار بخاری کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں پیر اظہار بخاری کے پسمانگان،پیروکاران،شاگردان خاص کر مرحوم کے برادران اور ان کے فرزند ارجمند جناب پیر سید عطا اللہ شاہ بخاری کو تعزیت پیش کی اورمرحوم کی اتحاد امت کے حوالے سے کوششوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا: جب فرقہ واریت عروج پر تھی اور تمام مذاہب اور مسالک کے مراکز کو دہشتگرد عناصر مسلسل دہشتگردوں کا نشانہ بنا رہے تھے اور ملک کی سالمیت کے ساتھ فرقہ وارانہ عناصر ایک شیطانی کھیل کھیل رہے تھے اس وقت دیگر تمام علماء و مشائخ کے ساتھ پیر اظہار بخاری نے فرقہ واریت کی شرارت کے مقابلے میں اتحاد امت، اخوت و محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اپنا بہترین کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا: ہمیں یہ فخر حاصل ہے کہ ہم سب نے مل کر امن کمیٹیوں اور دیگر فورمز پر مسلسل جدوجہد کی ہے۔ اس سخت دور میں اتحاد بین المسلین کی ریلیاں، کانفرنسز اور سیمینارز منعقد کئے ہیں۔ اس جدوجہد کو سب علمائے کرام، مشائخ عظام، عوام اور خاص کر انتظامیہ کے ذمہ داران جانتے ہیں۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: امت کو اللہ تعالی نے قرآن مجید میں امتِ خیر،امت وسط اور امت واحدہ کے خوبصورت الفاظ سے نوازا ہے اور پاکستان اللہ تعالی نے ہمیں 27 رمضان کی مبارک رات کو تحفے اور نعمت کے طور پر عطا فرمایا ہے۔
انہوں نے کہا: میری نظر میں جو شخص بھی امت کو جوڑنے اور باہمی کدورتوں کے خاتمے کی کوششیں کرے گا اور پاکستان میں وحدت قائم کر کے اسے امن کا گہوارہ بنانے اور استحکام لانے کی کوششیں کرے گا وہ یقینا اللہ کا محبوب بندہ ہو گا-یہ اس ملک کے علاوہ امت کی بھی بڑی خدمت ہے ہم اپنے اللہ سے یہ عہد کر رہے ہیں کہ تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود اتحاد امت کا یہ خوبصورت کاروان اسی طرح چلتا رہے گا، ان شااللہ-
قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں تمام مسالک اور مذاہب کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام نے بھی خطابات کئے۔
آپ کا تبصرہ